آشٹن ٹاؤن کی سنٹرل مسجد میں درس قرآن مجید،محفل ذکر کا انعقاد ، کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت
آشٹن :سنٹرل مسجد آشٹن ٹاؤن میں ہفتہ درس قرآن مجید اور محفل ذکر کا اہتمام کیا گیا۔مسجد کے پیش رو امام علامہ قاری زاہد شریف رضوی نے قران کریم کی روشنی میں معاشرتی برائیوں بارے روح پرور اور ایمان افروز بیان کر کے امت مسلمہ کو اپنی زندگی قرآن و حدیث کی روشنی میں بسر کرنے کا درس دیا۔ اس موقع پر قاری زاہد شریف رضوی کا کہنا تھا کہ آج قرآن کریم اور ذکر کی محفل میں معاشرتی برائیوں بارے قرآن مجید کی آیات بیان کیں اور یہ ارادہ کیا گیا کہ اپنی نوجوان نسل اور مسلمان کمیونٹی کو ان معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے کے لیے روکا جائے۔ان کا مذید کہنا تھا کہ قرآن کریم فہمی کے لیے ایک اعلیٰ طریقہ ہے اس کو سمجھیں اور سیکھیں رب العالمین کی بارگاہ اقدس میں دعا ہے کہ ہمیں قرآن مجید کی تعلیمات پر اپنی زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائیں آمین۔ حاجی محمد ازرم کا کہنا تھا کہ درس قرآن میں قرآن وسنت کے مطابق زندگی گزارنے کا طریقہ بتایا جاتا ہے اور باقاعدگی سے روز مرہ کے مسائل اور انکا حل بتایا جاتا ہے ہمیں نوجوان نسل تک یہ پیغام پہنچانا چاہیے۔ سعید قریشی کا کہنا تھا کہ اشٹن کی مسلمان کمیونٹی جید علماء کرام سے دین اسلام کی تعلیمات سے استفادہ حاصل کرتی ہے۔ درس قرآن اور ذکر کی محفل میں حاجی محمد ظفر، حاجی محمد اشفاق وارثی، حاجی عبد القیوم اور کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔خصوصی رپورٹ:فیاض بشیر