بالی ووڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کو فلمی صنعت میں 25 سال پورے ہو گئے
ممبئی:بالی ووڈ کے سپر سٹار اداکار شاہ رخ خان کو فلمی صنعت میں 25 سال پورے ہو گئے ہیں۔ یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کا آغاز فوجی اور سرکس جیسے ٹی وی ڈراموں سے کیا تھا۔ انہیں بالی ووڈ میں پہلا موقع 1992ء میں ہوئی فلم دیوانہ سے ملا۔ اس کے بعد انہوں نے ڈر، بازی گر اور انجام جیسی فلموں میں ولن کا کردار ادا کر کے سب کو چونکا دیا تھا کیونکہ فلمی پنڈتوں کا خیللا تھا کہ اب ان پر ولن کا لیبل لگ جائے گا اور انھیں کوئی بطور ہیرو کاسٹ نہیں کرے گا تاہم شاہ رخ خان نے تمام دعوؤں کو اپنی اداکاری سے غلط ثابت کر دیا۔شاہ رخ خان نے اس کے بعد دل والے دلہنیا لے جائیں گے، دل تو پاگل ہے، کچھ کچھ ہوتا ہے، محبتیں اور کبھی خوشی کبھی غم جیسی رومانٹک فلموں میں اپنی جاندار اداکاری سے ایک جہان کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ کنگ خان نے بالی ووڈ انڈسٹری میں اپنے 25 سال مکمل ہونے پر مداحوں کا خوبصورت انداز میں شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں صبح سو کر اٹھا تو مجھے احساس ہوا کہ آج میں بڑے پردے پر 25 سال پرانا ہو گیا ہوں، اس موقع کو آپ سب کے ساتھ منائیں گے، مجھے جھیلنے کے لئے شکریہ۔