مصر ی عدالت کےسینئر جج نے سابق صدرحسنی مبارک کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر دی
قاہرہ ... مصر کی عدالت کے ایک سینئر جج نے سابق صدر حسنی مبارک کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر دی ہے جج محمود الرشیدی نے اس پابندی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انیس سے اکیس اکتوبر کے درمیان ہونے والی سماعت میں قومی سلامتی کے امور پر بات ہو گی۔ مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کو پچھلے سال جون میں مظاہرین کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام پر عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی جس سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کے بعد ان کے خلاف مقدمے کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا گیا تھا۔
حسنی مبارک کے خلاف 2011 میں مظاہرین کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام پر مقدمہ دائر کیا گیا۔ وکیل صفائی اخوان المسلمین کے کارکنوں اور ملک کی افواج کو اس جرم کا ذمہ دار ثابت کرنا چاہتے ہیں جس میں تقریباً آٹھ سو پچاس افراد کو قتل کیا گیا تھا۔ ان کے دونوں بیٹے ، سابق وزیر داخلہ اور چھ سیکیورٹی چیف اس مقدمے میں شامل ہیں۔ اس سے قبل ہونے والے مقدمے کی کچھ سماعت بھی کیمرے سے دور، بند کمروں میں کی گئی تھیں۔