شوکت مقبول بٹ نے نیشنل لبریشن فرنٹ کو’’نیپ‘‘ میں ضم کر کے تاریخی فیصلہ کیا ،سردار اشرف
مانچسٹر:شہید کشمیر ی مقبول بٹ کے فرزند شوکت مقبول بٹ نے اپنی جماعت نیشنل لبریشن فرنٹ کو جموں و کشمیر نیشنل عوامی پارٹی’’نیپ‘‘ میں ضم کر کے تاریخی فیصلہ کیا ہے اور اس سے قوم پرست اور ترقی پسندوں کو مل جل کر کام کرنے کے بہتر مواقع میسر آ گئے ہیں،پورے برطانیہ سمیت کشمیر کے دونوں اطراف میں اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اس کے تحریک آزادی کشمیر پر گہرے اور مثبت اثرات مرتب ہونگے ،ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے چیف آرگنائزر سردار اشرف نے شوکت مقبول بٹ کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مقبول بٹ کے نظریات اور افکار کو لے کر آگے چلیں اور بلا شبہ شوکت مقبول بٹ اور ان کے ساتھیوں کی نیپ میں شمولیت سے ہمارے حوصلے بڑھے ہیں اور ہم مل جل کر مقبول بٹ کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے،شوکت مقبول بٹ کے اعزاز میں استقبالیہ کے موقع پر پیر اعجاز شاہ سیکرٹری فنانس،ڈپٹی جائنٹ سیکرٹری واجد ایوب،راجہ سجاد،نسار احمد خان،حماد اکرم،اولڈہم کے صدر ساجد ،سردار آفتاب احمد خان سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔بیورو رپورٹ:فیاض بشیر