برمنگھم سٹی کونسل کے زیر اہتمام سالانہ عید میلہ کی رنگارنگ تقریبات
برمنگھم...سٹی کونسل کے زیر اہتمام اور یو بی ایل کے تعاون سے سالانہ عید میلہ کی رنگارنگ تقریبات منعقد ہوئیں افتتاح برمنگھم لارڈ میئر کونسلر مائیک لیڈی نے کیا جبکہ انتظامات اور پروگراموں کی نگرانی کے فرائض عید میلہ کمیٹی کے چیر مین کونسلر ماجد محمود نے انجام دیے ان کے ساتھ میلہ کمیٹی کے سینئر اراکین کونسلر خواجہ محمود (سابق لارڈ میئر) اور کونسلر حبیب الرحمن چوہدری اور ان کے علاوہ سینئرسٹی کونسلر چوہدری محمد افضل، کونسلر چوہدری فاضل، کونسلر چوہدری محمد عظیم، کونسلر عظمیٰ، کونسلر جیری رونیز اور دیگر رہنما بھی شامل تھے۔ لوگوں کی بڑی تعداد میلے کے اختتام تک بھی مختلف راستوں سے میلے آتی رہی، برمنگھم میلے کے شرکاء نے میلے کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ کامیاب مقبول اور منظم میلہ قرار دیا اور آغاز سے لے کر اختتام تک شائقین نے پورے ذوق وشوق سے میلے کی تقریبات میں شرکت کی اور لطف اندوز ہوئے برمنگھم میں اپوزیشن کی دونوں جماعتوں، ٹوری پارٹی اور برل ڈیموکریٹک پارٹی دونوں کے رہنماؤں کونسلر پیئر ڈگلس آزبورن اور کونسلر پول تلزلی نے میلے کو انتہائی کامیاب اور خوبصورت میلہ قرار دیا اور اسے برمنگھم کے ملٹی کلچرل اور ملٹی فیتھ ماحول میں شاندار تعلیمی اور سماجی تعلقات کا ایک خوبصورت سنگ میل قرار دیا۔