اتفاق اتحاد کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ہم ترقی کی کئی اور منزلیں طے کرسکتے ہیں چوہدری خالد رشید
سلائو ... برطانیہ میں مقیم کمیونٹی نے اپنی محنت اور ہمت سے ایک تاریخ رقم کرلی ہے، زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں ہمارے لوگ اپنی صلاحیتوں کا لوہا نہ منوارہے ہوں، ان خیالات کا اظہار زاد کشمیر کے سینئر قانون دان صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور چوہدری خالد رشید نے میئر آف سلاؤ چوہدری شفیق کی دعوت پر میئر چیمبر کے وزٹ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر میئر چیمبر میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اطلاعات محمود ریاض، کونسلر کمشنر سہیل منور، کونسلر ظفر عجائب، کونسلر عشرت شاہ، اورنگ زیب چوہدری، سیف الحق، بابر ایڈووکیٹ، چوہدری اصغر سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان قانون دان نے کہا کہ برطانیہ میں کمیونٹی سیاسی طور پر ایک مضبوط طاقت بن چکی ہے۔ برطانوی سیاست میں کمیونٹی اتفاق اتحاد کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ہم برطانیہ کے زندگی کے تمام شعبہ جات میں ہم نمایاں ترقی حاصل کرسکتے ہیں۔ چوہدری خالد رشید ایڈووکیٹ نے کہا کہ اب پاکستان میں بھی عوام میں سیاسی شعور پہلے کی نسبت بڑی حد تک بیدار ہوچکا ہے۔ پاکستان میں سیاسی پراسس چلتا رہنا چاہیے۔ اس کے متواتر چلنے سے بہت سے مسائل میں خود بخود بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کے مثبت جاندار کردار اور مکمل اتفاق اتحاد کی وجہ سے لندن ملین مارچ کامیاب ہوا۔ ایک مثبت پیغام ملا ہے لندن ملین مارچ سے۔ تحریک آزادی کشمیر حقیقی معنوں میں فائنل راؤنڈ میں پہنچ جائے گی۔ تقریب سے میئر آف سلاؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی نے ہمیشہ برطانیہ میں پاکستانیت کے فروغ اور مضبوطی کے لیے کام کیا۔ ہمیں اجتماعی سوچ کو اپناتے ہوئے ملک کے مفادات کو ہر صورت مقدم رکھنا چاہیے۔ مہمان خصوصی خالد رشید ایڈووکیٹ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثر بھی درج کیے۔