بیرسٹر سلطان نے ثابت کر دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر انکی بھرپور دسترس ہے،چوہدری محمد سردار
اولڈہم:مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور اقوام عالم کے ذمہ داران اور سفارتکاروں کے ساتھ ملاقاتیں کر کے بھارتی جارحیت بارے آگاہی کروانے میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں،حال ہی میں برطانوی پارلیمنٹ کے اندر باوجود بھارت کی لابنگ کے مسئلہ کشمیر بارے بحث کروانا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے،انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر انکی بھرپور دسترس ہے اور انکی سخت انتھک محنت کا اعتراف دنیا بھر میںکیا جاتا ہے،یہ باتیں پیپلز پارٹی برطانیہ کے اہم رہنما چوہدری محمد سردار نے میڈیا نمائندگان سے خصوصی بات چیت کے دوران کیں،انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد محترم نے جب سوچا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کروانے میں اتنی پیش رفت نہیں ہو رہی جتنی ہونی چاہئے تھی انہوں نے چھبیس اکتوبر کو ملین مارچ کا اعلان کر کے آر پار کے کشمیریوں کے دلوں کی ترجمانی کی ہے اور اسے بے حد پذیرائی ملی ہے ہم بحیثیت انکے سپاہی اور جماعتی کارکنان اس ملین مار چ بارے عوام الناس میں آگاہی اور اس میں بھرپور شرکت کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل اور توانائی کو بروئے کار لائیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ تمام کشمیری اور دیگر احباب کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور پوری عالمی دنیا پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ اس مسئلہ کا پر امن حل کروانے میں اپنا کردار ادا کریں اور اقوام متحدہ بھی اس پر عمل درآمد کروانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے،آخر میں انہوں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے اس عدم کا اعادہ کیا کہ وہ اس پر امن ملین مارچ میں اپنے لا تعداد ساتھیوں سمیت شرکت کریں گے۔بیورو رپورٹ:فیاض بشیر