کشمیری کسی ملک کے خلاف نہیں،امن کے ساتھ تنازع کا حل چاہتے ہیں،میر واعظ عمر فاروق
سرینگر:بھارت میں تعینات ایرانی سفیر غلام رضا انصاری نے کہا ہے کہ ایران،پاکستان اور بھارت میں مجوزہ گیس پائپ لائن کی تنصیب کااصل مقصد اقتصادی فوائد کے برعکس تینوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا تھا،اگر امام خمینی مزید کچھ برس زندہ رہتے اور کشمیریوں کا جذبہ مزاحمت دیکھتے تو تحریک کشمیر کی حمایت کیلئے واضح اقدامات کرتے ، حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ ایران مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے ۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے امام خمینی کی 25 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ ایران کے بھارت اور پاکستان دونوں سے تعلقات بہتر ہیں،جنوبی ایشیا میں قیام امن کو دائمی طور پر لانے کیلئے ایران اہم کردار ادا کرسکتا ہے ،کشمیری عوام کسی ملک کیخلاف نہیں تاہم چاہتے ہیں کہ امن کیساتھ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے ،تینوں فریق مل بیٹھ کر مسئلے کو حل کرنے پر بات کرسکتے ہیں۔ بھارت میں تعینات ایرانی سفیر غلام رضا انصاری نے امام خمینی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اتحاد ملی کے عظیم علمبردار اور صیہونیوں و صلیبیوں کے اسلام دشمن عزائم کو للکارنے والی شخصیت تھیں ۔