میاں صاحب تو ایم کیوایم کو دہشتگرد جماعت کہتے تھے، خورشید شاہ
کراچی-قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی صدارتی انتخاب کے روز پارلیمنٹ ہاوٴس نہیں جائے گی۔ میاں صاحب تو کہتے تھے کہ ایم کیو ایم دہشت گرد جماعت ہے،اب ایم کیو ایم سے اتحاد کے بعد وہ سندھ کے قوم پرستوں کو کیا جواب دیں گے۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 29 جولائی کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شرکت کرے گی تاہم صدارتی انتخاب کے روز پارلیمنٹ ہاوٴس نہیں جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کہتے تھے ایم کیو ایم دہشت گرد جماعت ہے،ن لیگ نے ایم کیو ایم کے خلاف سندھ کے قوم پرستوں سے اتحاد بھی کیا۔ اب میاں صاحب ایم کیو ایم سے اتحاد کے بعد قوم پرستوں کو کیا جواب دیں گے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے نوازشریف اور چودھری نثار کی ذات پر حملے کئے،قوم کو بتایا جائے کہ کیا یہ سب جھوٹ اور دھوکا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اب یہ سب لوگ ووٹ کے لئے مل گئے ہیں،سیاست ووٹوں کے لئے نہیں اصول کے لئے ہوتی ہے، پیپلزپارٹی نے بھی اصول پر صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کیا۔