بریڈفورڈ-پاکستان پروگریسیو فورم برطانیہ کے چیئرمین ایف ڈی فاروقی نے آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی حکومت کا تختہ الٹنے کی اپنی ہی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کی سازش کو پارٹی سے بددیانتی اور گھناؤنی بدعہدی سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش کو ناکام بنانے میں سب سے بڑا کریڈٹ پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف کو جاتا ہے۔ جنہوں نے حالات کو بھانپتے ہوئے مسلم لیگی ارکان اسمبلی کو بروقت اور فوری طور پر چوہدری عبدالمجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حصہ نہ لینے اور غیر جانبدار رہنے کا حکم دے کر سازشی منصوبہ بندی کا پانسہ پلٹ دیا ہے اس عمل میں چوہدری یٰسین کی چابکدستی اور روٹھے ہوں کو منانے کی فراست بھی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ پر قابض ہونے کیلئے اپنی ہی پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کا یہ عمل بیرسٹر سلطان محمود کیلئے نامناسب بلکہ شرمناک عمل ہے۔