یورپین اسلامک سنٹر اولڈہم میں مسجد خضرا کی تزئین وآرائش کیلئے فنڈ ریزنگ ڈنر
اولڈہم (محمد فیاض بشیر)یوکے اسلامک مشن برطانیہ میں نوجوان نسل کی دینی و دنیاوی تعلیم کے ساتھ بین المذاہب کمیونٹی کی خدمت میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے ۔ مسجد خضرا میں بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے قائم سنٹر کی توسیع اور تزین و آرائش کے لیے یورپین اسلامک سنٹر میں فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں یوکے اسلامک مشن برطانیہ کے صدر سکندر مرزا ، اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل موب حسین کے علاوہ کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ سکندر مرزا کا کہنا تھا کہ مسجد خضراء کمیونٹی کے لیے اعلیٰ خدمات سرانجام دے رہی ہے انہوں نے مسجد کی بھرپور مالی امداد پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اسسٹنٹ پولیس کانسٹیبل موب حسین کا کہنا تھا کہ کمیونٹی سنٹر کمیونٹی کی بھرپور خدمت کر رہا ہے ان کا مذید کہنا تھا کہ کمیونٹی کی مدد سے سنٹر کی کشادگی جلد مکمل ہو جائے گی اور سنٹر کمیونٹی کی مدد کا ذریعہ بنے گا۔ جہانگیر بدر کا کہنا تھا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ جس نے رب العالمین کے گھر کی تعمیر میں حصہ لیا گویا جنت میں اپنا گھر بنا لیا۔ زاہدہ کا کہنا تھا کہ یو کے اسلامک مشن مدرسے کی کشادگی اور تزئین و آرائش کے لیے رقم جمع کر رہی ہے تاکہ تعلیمی و دیگر سرگرمیوں کو جاری رکھا جا سکے۔ ملیحہ انیس کا کہنا تھا کہ پہلے ہی یہاں پر 700 بچے زیر تعلیم ہیں مذید انتظار میں ہیں اسی لیے اسے کشادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کونسلر رب نواز اور عمران کا کہنا تھا کہ تعلیم صدقہ جاریہ ہے اور مسجد خضرا کمیونٹی سنٹر بچوں کی تعلیم میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے ہمیں کھل کر امداد کرنی چاہیے تاکہ ہمارے بچوں کا مستقبل محفوط ہو سکے۔