بھارت اور پاکستان مقبوضہ کشمیر کے حل بارے اقدام اٹھائیں:پیر ابو احمدمقصود مدنی
مانچسٹر:عالم اقوام میں پائیدارامن انسانیت کی قدر،رنگ و نسل، مذہب قومیت سے بالا تر ہو کر اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرنے اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر بالغ نظری کا مظاہرہ کرنے میں پنہاں ہے،موجودہ دور میں اگر دنیا کے نقشے پر نظر ڈالی جائے تو مسلمان ممالک کے اندر خانہ جنگی کی صورتحال ہے جبکہ مغرب نے اپنی نظریں ترقی پر مرکوز کی ہوئی ہیں،مشرق وسطیٰ اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں نہتے،بے گناہ لوگوں پر بھارتی سکیورٹی اداروں کی عالمی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جارحیت حیوانیت کے ساتھ کئے جانے والے سلوک سے بھی بد تر ہے یہی وہ بنیادی وجہ ہے جس سے انتہا پسندی جنم لیتی ہے دکھ کی بات یہ ہے کہ عالمی سطح پر دوہرا معیار ہے کہ کسی بھی طاقت نے بھارت سرکار کو آڑے ہاتھوں نہیں لیا کہ اگر یہ ظلم و ستم بند نہ کیا تو عالمی سطح پر بھارت کو سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا،ان حقیقت پسند اور جرات مندانہ باتوں کا برملا اظہار ادارہ نور السلام فیصل آباد کے بانی پیر ابو احمدمحمد مقصود مدنی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے قریبی رفقا،مدبرین کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں کیا،ان کا مزید کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ بھارت اور پاکستان مقبوضہ کشمیر کے حل بارے دلیرانہ اور جرات مندانہ اقدام اٹھائیں اور اس مسئلے کو حل کر کے خطہ کی غریب عوام پر احسان عظیم کریں تاکہ غربت کا خاتمہ ہو سکے اور اگر قرآن و سنت محمدیؐ پر عمل کیا جائے تو دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے۔خصوصی رپورٹ:فیاض بشیر